سابق اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ رشوت ستانی کے الزام میں مجرم قرار

Ehud Olmert

Ehud Olmert

تل ابیب (جیوڈیسک) اسرائیلی عدالت نے سابق وزیراعظم کو ترقیاتی منصوبوں میں رشوت ستانی کے الزام میں مجرم قرار دے دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کی ایک عدالت میں ایہود اولمرٹ پر مقبوضہ بیت المقدس کے میئر کی حیثیت سے ترقیاتی منصوبے کے دوران لاکھوں ڈالر رشوت لینے کا مقدمہ زیر سماعت تھا۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد سابق وزیر اعظم کو رشوت لینے کا مرتکب قرار دے دیا تاہم ان کی سزا کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسرائیل کی ایک عدالت نے ایہود اولمرٹ کو بطور وزیر تجارت و صنعت قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانے کی سزا سنائی تھی اور اس اسکینڈل کے باعث انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہونا پڑ گیا تھا۔