سابق وزیر قانون کا افتخار چوہدری کو قانونی نوٹس

Iftikhar Chaudhry

Iftikhar Chaudhry

لاہور (جیوڈیسک) سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دور میں وزیرِ قانون کے عہدے پر فائز رہنے والے ایڈوکیٹ رانا اعجاز احمد نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو 24 ارب روپے کی ادائیگی کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔

ایڈوکیٹ رانا اعجاز احمد نے اس نوٹس میں کہا ہے کہ افتخار چوہدری نے چیف جسٹس کے عہدے کے دوران آزاد عدلیہ کی آڑ میں قوم کو دھوکہ دیا اور دنیا کی نظر میں پاکستان کی اہمیت کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس افتخار چوہدری نے ایک عبوری حکم نامے یا پی سی او کے تحت دو مرتبہ حلف اٹھایا تھا اور پرویز مشرف کو اجازت دی تھی کہ وہ آئین میں ترمیم کریں۔ قانونی نوٹس میں سابق چیف جسٹس پر عہدے کے غلط استعمال کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایڈوکیٹ رانا اعجاز احمد نے کہا ہے کہ اگر سابق چیف جسٹس کی جانب سے دو ہفتے کے اندر نقصانات کے بدلے میں رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی تو وہ عدالت جائیں گے۔ قانونی نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ رقم آئی ڈی پیز میں تقسیم کی جائے گی۔