اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے سابق لیفٹیننٹ جنرل اور کمانڈر سدرن کمانڈ ناصر خان جنجوعہ کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق نئے قومی سلامتی کے مشیر کی تقرری کا مقصد نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کو فعال کرناہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میںکہاگیاکہ ناصر جنجوعہ کا عہدہ وزیر مملکت کے مساوی ہوگا۔ اس سے پہلے سرتاج عزیز کے پاس یہ عہدہ تھا جو خارجہ امور کے مشیر بھی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا خیال ہے کہ سرتاج عزیز دونوں عہدوں کو پوری طرح وقت نہیں دے پار ہے۔ ن لیگ کے ڈھائی سالہ دورحکومت میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کاصرف4باراجلاس ہوا اور آخری اجلاس ایک سال قبل ہوا تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ رٹائرمنٹ سے قبل کور کمانڈرسدرن کمانڈ (کوئٹہ) تعینات تھے، 3 اکتوبر کو ان کی رٹائرمنٹ کے بعد سدرن کمانڈ کا چارج میجر جنرل عامر ریاض کے سپرد کیا گیا ہے۔ ناصر جنجوعہ کو سلامتی کا مشیر بنانے کا فیصلہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیاگیاتھا۔