سابق ممبر ضلع کونسل و ایم این اے سردار محمد جہانگیر خان مرحوم کے صاحبزادے سردار ذوالفقار علی خان سیہڑ نے پریس کانفرنس

Sardar Zulfiqar Ali Khan

Sardar Zulfiqar Ali Khan

کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) سابق ممبر ضلع کونسل و ایم این اے سردار محمد جہانگیر خان مرحوم کے صاحبزادے سردار ذوالفقار علی خان سیہڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنرل الیکشن میں ایم پی اے عبدالمجید نیازی کی مخالفت کی تھی اور 21 روز قبل مجید خان نیازی کی اور ان کے غنڈوں کی جانب سے جو کہ آتشی اسلح سے مسلح تھے چکنمبر 85 ٹی ڈی اے میں صفی اللہ اعوان کے ذاتی ملکیتی رقبہ پر زبردستی ٹریکٹر چلا کر تعمیر شدہ مکانات اور دکانیں گرا دیں۔ اور چند روز قبل بھی مجید خان نیازی کی جانب سے ان افراد پر فائرنگ کی گئی۔

افسوس کی بات ہے کہ صفی اللہ اعوان کے ذاتی رقبہ پر تعمیر مکان گرا دیئے گئے اور ان پر فائرنگ کی گئی اور اس کے باوجود پولیس تھانہ کروڑ کی ملی بھگت سے اسی مظلوم خاندان کے خلاف مقدمہ نمبر 101/14 بجرم 324/148 ، 13,20,65 لگوا کر انہیں ہراساں اور پریشان کر کے علاقہ بدر ہونے پر مجبور کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ ، پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے علم میں ہونے کے باجود مظلوم خاندان کو انصاف نہ مل سکا ۔ اور ایم پی اے کی چمک کے باعث میڈیا نے خبر تک شایع نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اس مظلوم خاندان کی اخلاقی اور قانونی مدد کی تھی۔ چونکہ عبدالمجید نیازی کا یہ فعل کسی طور بھی مناسب نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ایم پی اے نے میرے خلاف اپنے ذاتی ملازم کریم بخش کو استعمال کر کے تھانہ کروڑ میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دلوائی اور میڈیا میں جھوٹی اور بے بنیاد خبریں شایع کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ کریم بخش نامی شخص کا قریبی رشتہ دار شمس الدین عرف شما بھی ان کا ذاتی ملازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کریم بخش کسی روڈ حادثہ میں زخمی ہوا۔

میرے ڈرائیور کا قصور یہ ہے کہ اس نے زخمی کو اٹھا کر ہسپتال میں طبی امداد دلوائی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ایس ایچ او انتہائی ایماندار اور فرض شناس افسر ہیں جن پر ان کو پورا اعتماد ہے۔ ذوالفقار علی خان نے کہا کہ مضروب کریم بخش کی میڈیکل رپورٹ بھی تھانہ میں دی گئی درخواست کی سراسر نفی کر رہی ہے۔ انشاء اللہ وقت آنے پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد اور چچا کئی بار ایم این اے رہے اور میرے کزن سردار بہادر خان دو مرتبہ ایم این اے اور وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ میرا ایک سیاسی خاندان سے تعلق ہے۔ میں اس قسم کی حرکت کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں مجید خان جیسے لوگ بدنما داغ ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان ایسے افراد کا محاسبہ کریں۔