آکلینڈ (جیوڈیسک) طویل عرصے تک کینسر کے مرض سے نبرد آزما سابق کیوی کپتان مارٹن کرو 53 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
کیوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کیوی کپتان مارٹن کرو 53 برس کی عمر میں نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔ ڈاکٹرز نے ستمبر 2014 میں مارٹن کرو میں کینسر کی تشخیص کی تھی۔ مارٹن کرو کی آخری رسومات 11 مارچ کو آکلینڈ کے ہولی ٹرینٹی کیتھیڈرل چرچ میں ادا کی جائیں گی۔
نیوزی لینڈ کے موجود کپتان کین ولیمسن نے مارٹن کرو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق عظیم کھلاڑی ٹیم کے لئے ہمیشہ مثبت سوچ رکھتے تھے۔
واضح رہے کہ مارٹن کرو نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 77 ٹیسٹ میچز میں 45.36 کی اوسط سے 5444 رنز جب کہ 143 ایک روزہ میچوں میں 38.55 کی اوسط سے 4704 بنائے۔ پاکستان کے خلاف 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں نیوزی لینڈ کی کپتانی بھی مارٹن کرو نے ہی کی تھی۔