لندن (جیوڈیسک) مجرم سے ناجائز تعلقات قائم کرکے جرائم کی دلدل میں پھنسی برطانیہ کی پولیس افسر کو ساڑھے 3 سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ صغری حنیف ٹیمزویلی پولیس سے وابستہ تھی۔ آکسفورڈ کی رہائشی صغری حنیف اور برمنگھم کے 27 سالہ رضا خان کو جنوری میں ونچسٹر کراون کورٹ نے مجرم قرار دیدیا تھا۔
صغری حنیف نے اپنی سرکاری پوزیشن کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ہزاروں ایسے افراد کی ذاتی معلومات چرائی تھیں جو ٹریفک حادثات کا شکار ہوئے تھے۔ یہ معلومات رضا خان کو دی گئی تھیں جس نے انجری کلیم کے لیے انہیں مختلف کمپنیوں کو فروخت کر دیا تھا۔
صغری حنیف کا دعویٰ تھا کہ رضا خان سے اس کے ناجائز تعلقات تھے اور رضا خان نے اسے دھمکی دی تھی کہ اگر معلومات فراہم نہ کیں تو وہ ان تعلقات کی ویڈیوز عام کردے گا۔
جرم ثابت ہونے پر خاتون کوٹیمزویلی پولیس سے نکال دیا گیا تھا۔ مبینہ شریک جرم رضاخان کی بیوی پرم جیت کے بارے میں جیوری کسی فیصلے پر نہ پہنچ سکی۔