اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت پر رہائی کی روبکار جاری کر تے ہوئے انہیں رہا کر دیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
رب نواز اور سردار توقیر نے عدالت میں بطور ضامن ایک، ایک کروڑ روپے کے مچلکے داخل کرائے جب کہ راجہ صابر اور راجہ زاہد نے ضمانتی مچلکوں سے متعلق گواہی دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی ضمانت ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی ہے۔
اس موقع پر احتساب عدالت کے جج نے رب نواز سے سوال کیا کہ آپ کو پتہ ہے کس کیس میں ضامن بن رہے ہیں؟ جس پر رب نواز نے جواب دیا کہ جی معلوم ہے۔
ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع ہونے کے بعد احتساب عدالت نے صدر پیپلز پارٹی کی ضمانت پر رہائی کی روبکار جاری کر دی۔
احتساب عدالت کی جانب سے آصف زرداری کی ضمانت پر رہائی کی روبکار سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے نام جاری کی گئی ہے۔