مظفرآباد (جیوڈیسک) آزادکشمیر کے سابق صدر راجہ ذوالقرنین کے گھر پر نیب کی ٹیم نے چھاپا مارا۔ دوران کارروائی مزاحمت اور مبینہ تشدد سے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب اصغر خان زخمی ہو گئے۔
چند روز قبل نیب کی ٹیم نے رینٹل پاور کیس میں آزاد کشمیر کے سابق صدر راجہ ذوالقرنین کے بیٹے بابر علی ذوالقرنین کو گرفتار کیا تھا۔ ریکارڈ کی چھان بین کیلیے نیب ٹیم نے میرپور آزاد کشمیر میں سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین کے گھر پر چھاپا مارا تو اسے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
گھر میں موجود افراد نے مزاحمت کے دوران مبینہ طور پر تشدد کر کے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب اصغر خان کو زخمی کر دیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب اصغر خان کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں ان پر حملہ کیا گیا اور پولیس تماشائی بنی رہی، جبکہ راجہ ذوالقرنین کے اہل خانہ کا مؤقف تھا کہ نیب کو آزاد کشمیر میں کارروائی کا اختیار نہیں ہے۔