کراچی (جیوڈیسک) سی آئی ڈی پولیس نے صدر زرداری کے چیف سیکورٹی انچارج بلال شیخ پر حملے میں ملوث ملزم شاہد بکک کو سپر ہائی وے کے قریب سے گرفتار کر لیا جو اندرون سندھ فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ گزشتہ روز شاہد بکک اور اسکے کارندوں نے بھتہ نہ دینے پر صدر ممنون حسین کے بھانجے کی دکان پر فائرنگ بھی کی تھی۔
شاہد بکک کا تعلق گینگ وار سے ہے۔ ملزم اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں بھی پولیس کو مطلوب ہے۔ دوسری جانب گزشتہ رات رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں سے سنگین جرائم میں ملوث چھبیس افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ اور دستی بم بر آمد کر لئے۔
ادھر پولیس نے بھی ایسٹ زون کے مختلف علاقوں میں آپریشنز اور چھاپے مار کر دو اشتہاری اور چونتیس مفروروں سمیت اڑسٹھ ملزمان گرفتار کر کے بارہ پستول، ایک رپیٹر ، دیگر اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔