کراچی (جیوڈیسک) ڈاکٹرز نے ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف کی وجہ سے سابق صدر پرویز مشرف کو چہل قدمی سے بھی منع کردیا ہے۔ سابق صدر نے گزشتہ روز کراچی کے پی این شفا اسپتال میں اپنا مکمل طبی معائنہ کرایا، میڈیکل بورڈ نے پرویز مشرف کی رپورٹ کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ سابق صدر کی ریڑھ کی ہڈی میں ایئر لائن فریکچر ہے لہذا وہ چہل قدمی نہ کریں۔
ڈاکٹرز کے مطابق انہیں جس قسم کی سرجری کی ضرورت ہے اس کی سہولت پاکستان میں میسر نہیں ہے جب کہ پرویز مشرف کو روز فزیو تھراپی کی بھی ضرورت ہے۔ دوسری جانب پرویز مشرف کے ذاتی معالجین نے میڈیکل رپورٹ اسپائنل کے ماہر سرجنز کو بھیج دی ہے تاکہ سرجری کے حوالے سے ماہر ڈاکٹز کی رائے لی جا سکے۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کا ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے وہ ملک سے باہر جانے سے قاصر ہیں لیکن انہوں نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول سے نکالنے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں وکلا کے ذریعے درخواست دائر کر رکھی ہے جس پر سماعت مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ 31 مئی تک محفوظ کر لیا گیا ہے۔