سیاسی مفاہمت و اتحاد کا مشرف کا مطالبہ عصری ضرورت اور خوش آئندہے ، روشن پاکستان پارٹی

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اس وقت جن حالات سے گزررہاہے ان میں قومی یکجہتی ، اتحاد اور سیاسی مفاہمت کی اشد ضرورت ہے مگر سیاسی جماعتوں کی باہمی رنجش ، الزام تراشی کی روایت اور ہر قیادت کی اپنے سوا ہر دوسرے کو ملک و عوام دشمن سمجھنے اور ثابت کرنے کی عادت نے ملک میں افراتفری ، انتشار اور معاشی بدحالی کو بڑھاوا دیا ہے جس کی وجہ سے وطن عزیز خانہ جنگی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر پٹی نے پرویز مشرف کی جانب سے محب وطن قیادتوں کے اتحاد کی ضرورت کے مطالبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سابق صدر کا دور اقتدار آمرانہ ہونے کے باوجوددوسرے جمہوری و آمرانہ ادوار سے خاصا بہتر رہا ہے

اب ان کا جمہوری طرز عمل اور اتحاد و اتفاق کی سیاست پر زور نہ صرف خوش آئند بلکہ قومی مفاد میں بھی ہے۔ امیر پٹی نے مزید کہا کہ پرویز مشرف، عمران خان ، طاہرالقادری اور اپوزیشن و حکومت میں شامل محب وطن قیادتیں اگرروشن پاکستان پارٹی کے منشور کا دیانتداری اور توجہ سے مطالعہ کریں تو ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ وہ نہ صرف ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہمارے منشور سے مکمل طور پر اتفاق کرتے ہوئے اسے فارمولہ نجات و فلاح قرار دیں گے بلکہ اس پر عملدرآمد کیلئے باہم یکجا و متحد ہوکر مشترکہ جدوجہد بھی کریں گی جو یقینا ملک و قوم کیلئے انقلابی و فلاحی ثابت ہوگا اور پاکستان اس استحکام، ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہوجائے گا جس کا خواب اقبال نے دیکہا تھا اور جس کی تعبیر کیلئے قائد نے جدوجہد کی تھی۔