لاڑکانہ (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی چیرپرسن اور ملک کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی 7ویں برسی منائی جارہی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی چیرپرسن اور ملک کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی 7ویں برسی کے موقع پر ملک بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے، ملک بھر سے تعلق رکھنے والے رہنما اور جیالے ان کے مزار پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کے ایصال ثواب کے لئے شہر شہر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سندھ میں صوبائی حکومت کی جانب سے آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم کی برسی کی مرکزی تقریب ان کے آبائی گاؤں گڑھی خدابخش میں ہورہی ہے، جہاں جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔ اسٹیج کو پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیاہے۔ جلسہ گاہ میں ایک لاکھ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
جلسے میں پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی کے چیرمین اور بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری شرکت نہیں کررہے تاہم سابق صدر آصف علی زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔
جلسے کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کے 7 ہزار اور رینجرز 500 اہلکار تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ جلسہ گاہ اور اطراف کے علاقوں میں سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔