ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلا دیش کی ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی کرپشن کیسز کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کورٹ کا حکم دیا ہے کہ ان کا ٹرائل کیا جائے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہائیکورٹ نے کرپشن کے 2 مختلف مقدمات میں دو مرتبہ ملک کی وزیراعظم رہنے والی اور بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کورٹ کو ان کا ٹرائل کرنے کا حکم دیا ہے۔
خالدہ ضیا نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے خلاف کرپشن کے بنائے گئے مقدمات سیاسی ہیں لہذا انہیں خارج کیا جائے تاہم عدالت نے سابق وزیراعظم کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کا حکم نامہ جاری کردیا۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل محمد سالم کے مطابق سابق وزیراعظم کیخلاف کرپشن ٹرائل میں کوئی رکاوٹ نہیں اور ہائیکورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم کی دونوں درخواستیں مسترد ہونے کے بعد اینٹی کرپشن کورٹس سے ٹرائل کیا جائے گا۔