اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس خالی کر دیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دینے پر استعفے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس بھی خالی کر دیا۔
نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کے اسٹاف سے الوداعی ملاقات کی اور ملازمین سے مصافحہ بھی کیا جب کہ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید اور آصف کرمانی بھی ہمراہ تھے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف وزیراعظم ہاؤس سے اہلخانہ کے ہمراہ مری روانہ ہوئے ہیں جب کہ اس سے قبل کہا جارہا تھا کہ نئے وزیراعظم کے انتخاب تک نواز شریف اسلام آباد میں ہی قیام کریں گے یا وہ لاہور جائیں گے تاہم اب نواز شریف نے مری جانے کا فیصلہ کیا۔
گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران عبوری وزیراعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی اور مستقل وزیراعظم کے لیے شہباز شریف کے ناموں کے فیصلے کی توثیق کی گئی جب کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا نوازشریف کی خالی ہونے والی نشست این اے 120 سے شہباز شریف الیکشن لڑیں گے۔
دوسری جانب نوازشریف کی وزارت عظمیٰ سے سبکدوشی کے بعد کراچی ایئر پورٹ پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور صدر مملکت ممنون حسین کے ساتھ آویزاں تصویر بھی ہٹالی گئی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا تھا۔