لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کو اسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔
سابق وزیراعظم نوازشریف گزشتہ چند روز سے خرابیٔ صحت کی بناء پر لاہور کے سروسز اسپتال میں داخل تھے جہاں میڈیکل بورڈ نے ان کے مختلف ٹیسٹ کیے اور ان کی صحت کا تفصیلی معائنہ بھی کیا گیا۔
گزشتہ روز میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کا معاملہ محکمہ داخلہ کو ریفر کیا تھا اور ان کو فوری طور پر امراضِ قلب کے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی تاہم سابق وزیراعظم نے اسپتال کی بجائے واپس جیل جانے پر اصرار کیا تھا۔
سابق وزیراعظم نے جمعرات کو ملاقاتیوں کے روز اہلخانہ سے ملاقات کی جن میں ان کی والدہ اور صاحبزادی مریم نواز بھی شامل تھیں۔
نوازشریف کو ملاقاتوں کے بعد جیل حکام نے سروسز اسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا۔
سابق وزیراعظم کی اسپتال سے جیل منتقلی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔