اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کیخلاف ایک اور نیب ریفرنس کی منظوری آج ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں دیے جانے کا امکان ہے۔چیئرمین قمر زمان چوہدری کی صدارت میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج پیر کو ہو گا۔
جس میں این اے 51 میں غیرقانونی طریقے سے بھاری فنڈز ریلیز کرنے کے علاوہ مضاربہ اسکینڈل کے مختلف کیسز میں ملزمان کیخلاف نیب ریفرنسز اور مضاربہ میں اب تک ریکوری کا جائزہ لیا جائے گا۔
سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف پر اختیارات کے ناجائز استعمال میں اپنے حلقہ انتخاب میں اپنے منصب کے آخری دنوں میں تعمیراتی منصوبوں کیلیے فنڈز کے غیر قانونی ریلیز کرنے کی کیس میں انوسٹی گیشن مکمل کر کے رپورٹ ایگزیکٹوبورڈ اجلاس میں پیش کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اب تک انویسٹی گیشن میں سابق وزیراعظم کیخلاف ریفرنس کی سفارش کی گئی ہے جبکہ مضاربہ میں بھی مختلف کیسز میں ملزمان کیخلاف ریفرنسز کی منظوری کیلیے رپورٹس اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ چیئرمین نے مضاربہ اسکینڈل میں ریکوری کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔