ملتان (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نامعلوم مقام سے ٹیلیفونک کال آئی جس کے بعد ان سے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کی گفتگو کرائی گئی۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی جلال پورمیں بزرگ رہنما فتح محمد کی قل خوانی میں شریک تھے جہاں انہیں نامعلوم نمبر سے فون کال آئی اور ان سے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کی بات کرائی گئی، یوسف رضا گیلانی نے اپنے مغوی بیٹے سے 8 منٹ تک بات کی جس کے بعد کال کاٹ دی گئی۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ علی حیدر گیلانی خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں جب کہ حیدرگیلانی سے شاہ محمود قریشی نے بھی بات کی ہے۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی ساتھی اور جنوبی پنجاب سے پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید صدیقی کے مطابق حیدر گیلانی سے بات کرانے کا میسج میرے نمبر پرآیا جب کہ میسج پر آنے والا نمبر افغانستان کا تھا۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدرگیلانی کو 2013 میں الیکشن مہم کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا اور کچھ عرصہ قبل یوسف رضا گیلانی اسی سلسلے میں افغانستان گئے تھے۔