سابقہ بیوی کو دوبارہ آباد ہونے کا جھانسہ دے کر ساتھیوں کے ہمراہ موبائل اور گھر کا سامان لے گئی

کروڑ لعل عیسن : سابقہ بیوی کو دوبارہ آباد ہونے کا جھانسہ دے کر ساتھیوں کے ہمراہ 2 لاکھ 29 ہزار روپے کے طلائی زیورات، نقدی، موبائل اور گھر کا سامان لے گئی۔ پولیس نے 4 نامزد اور 5 نامعلوم افراد سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

تفصیل کے مطابق چکنمبر 96/TDA کے سلیم شاہد خان ولد نیاز محمد خان پٹھان نے مقدمہ درج کروایا کہ اس کی سابقہ بیوی کنیز مائی جس نے کسی اور شخص سے شادی کر لی تھی چند روز قبل گھر آئی اور سلیم شاہد سے کہا کہ وہ اپنے خاوند سے طلاق لے کر دوبارہ شادی کرنا چاہتی ہے۔

جس پر سلیم شاہد نے اپنی بیوی ممتاز کی موجودگی میں اس کو گھر کے ایک کمرے میں رہنے کی اجازت دے دی۔ کنیز مائی نے ایک سازش کے تحت اپنے دیگر ساتھیوں اللہ رکھا ولد اللہ بخش بلوچ سکنہ ملتان کنیٹ، ممتاز ولد معشوق علی ، محمد اشرف سمیت 5 نامعلوم افراد کے ساتھ گزشتہ رات گھر سے طلائی زیورات 3 تولے ، 2 موبائل فون ، نقدی 35 ہزار کپڑے اور گھریلو سامان 6 ہزار سمیت 2 لاکھ 29 ہزار کا سامان چوری کر کے لے گئے۔ پولیس تھانہ کروڑ نے مقدمہ درج کر کے تفشیش شروع کر دی ہے۔