ادویہ کی قیمتوں میں اضافے کا نیا طریقہ کار وضع کیا جائے گا

Medicine

Medicine

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے ملک میں ادویہ کی قیمتوں میں اضافے کے مروجہ فارمولے کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے اس کے تعین کا نیا طریقہ کار وضع کرنیکا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ملک میں ادویہ کی قیمتیں افراط زر کی شرح سے کم رکھی جائیں گی۔

حکومت نے ادویات کی قیمتوں کے تعین کیلیے نئی پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا ہے جو جلد منظوری کیلیے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔

اس ضمن میں دستیاب دستاویز کے مطابق ملک میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا موجودہ فارمولا ناقابل عمل ہے کیونکہ اس فارمولے کے مطابق ہر سال یکم جنوری کو ادویہ کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ہوتا ہے اور اگر اس فارمولے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ادویہ کی قیمتوں میں ہر سال تین فیصد اضافہ کیا جاتا تو گزشتہ بارہ سال کے دوران ملک میں ادویہ کی قیمتوں میں 36 فیصد اضافہ ہوتا۔