فارورڈ بلاک گھر کا معاملہ ہے، جلد حل کرلیں گے:پرویز خٹک

Pervez Khattak

Pervez Khattak

پشاور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ فارورڈ بلاک گھر کا معاملہ ہے، جلد حل کرلیں گے، صوبے سے فیول سرچارج وصول کرنے کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔ پرویز خٹک کا مزید کہنا ہے کہ صوبے کے معاملات میں عمران خان مداخلت کرتے ہیں اور نہ کوئی اور ان کاکہنا تھا کہ بے اختیار کٹھ پتلی وزیراعلیٰ نہیں ہیں اور معاملات ان کے قابو میں ہیں۔

انٹرویو کے دوران وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ان کے صوبے کے عوام سے فیول چارجز کی وصولی کے بارے میں سپریم کورٹ نے گذشتہ روز جو فیصلہ دیا، ان کی حکومت اس کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ بے اختیار وزیراعلیٰ نہیں اورعمران خان سمیت مرکزی قیادت میں سے کوئی بھی ان کے حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں کررہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی جماعت میں فارورڈ بلاک بننا ان کے گھر کا معاملہ ہے جسے وہ حل کرلیں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کے حوالے سے ان سے کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا ہے زیرحراست لوگوں کو پولیس مقابلے میں مارے جانے کے خدشات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت میں ایسی کسی کاروائی کی گنجائش نہیں۔