اسلام آباد : الخدمت فاوَنڈیشن اسلام آباد کے تحت چائلڈ پروٹیکشن سنٹر اسلام آباد میں تقسیم برائے ونٹر پیکج تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معصوم بچوں کو سردی کی شدت سے بچانے کے لئے الخدمت نے 40 خاندانوں کے بچوں کو ونٹر پیکج دیا ۔ تقریب میں ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر باقر خاکوانی،صدر الخدمت فاءونڈیشن اسلام آباد حامد اطہر ملک، ایڈمنسٹریٹر چائلڈ پروٹیکشن سنٹر (سی پی سی) جمیل ڈوگر اور اظہر شاہ سمیت سٹریٹ چلڈرن اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈاکٹر باقر خاکوانی نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ کہ سٹریٹ چلڈرن ہمارے معاشرے کا حساس گوشہ ہیں اور اِن کی آبیاری ہم سب کا اخلاقی فرض ہے ۔ الخدمت فاءونڈیشن کے تحت کام کرنے والے 23چائلڈ پروٹیکشن سینٹر ز میں بچوں کوصحت، رسمی و غیر رسمی تعلیم کی بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں کے مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ قریباََ180سٹریٹ چلڈرن ان سنٹرزسے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد سکولوں میں باقاعدہ طور پر داخل ہوچکے ہیں ۔
صدر الخدمت اسلام آباد حامد اطہر ملک نے بچوں سے وعدہ کیا کہ الخدمت ان کی دیکھ بھال اور آسانیاں مہیا کرنے کا کام مستعدی سے جاری رکھے گی ۔ واضح رہے کہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان میں قریباََ 13 لاکھ سٹریٹ چلڈرن ہیں جو حکومتی عدم توجہ اورمعاشرتی رویوں کے باعث گھروں اور تعلیمی اداروں میں اپنا وقت گزارنے کی بجائے گلی محلوں سے کچرا چننے اور محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ۔ سنٹر کے ایڈمنسٹریٹر جمیل ڈوگر صاحب نے تعاون کرنے والے اہل خیر کے لئے دنیا وآخرت میں بہترین اجر کی دعا کی۔