اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اوردنیا بھر کی رفاعی تنظیموں کی نمائندہ تنظیم UNIW(دی یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ) کے تعاون سے ’’یونین فور پِیس‘‘ کے عنوان کے تحت تین روزہ انٹرنیشنل یوتھ گیدرنگ اختتام پذیر ہوگئی۔تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں تعینات ترک سفیر احسان مصطفٰی یرداکل اور امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق تھے جبکہ صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ ، صدر ینگ یونیو سردار بیرام،سابق صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، ترک ایئر لائن سے مسٹر حامد،سی ای اوفٹنس پرومدثرعلی، پلس پاکستان سے کاشف حفیظ سمیت 15ممالک سے 60سے زائدجبکہ پاکستان سے سینکڑوں طلبہ و طالبات ،سیاسی و سماجی شخصیات، میڈیا نمائندگان، یوتھ سوسائٹیز سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ مسلم امہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسی گیدرنگز سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے مسائل سمجھنے مدد ملے گی۔ہماری کوشش ہے کہ مسلمانوں کو بھی سلامتی کونسل میں ویٹو کا حق ملے۔
سراج الحق نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہاکہ ہم ساری انسانیت کو اللہ کا کنبہ سمجھتے ہیں اور پوری انسانیت کی خدمت کے لئے کمر بستہ ہیں۔مسلمان نوجوان پوری دنیا کے لئے امن کے علمبردار ہیں۔عبدالشکور نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار انسانیت کی خدمت کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔