راولپنڈی : الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میں آگاہی واکس اور سمینارز سمیت دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں معذور افراد ، الخدمت ذمہ داران اورمعززینِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس کے علاوہ الخدمت سماجی خدمات پروگرام کے تحت ملک بھر میں معذور مستحق افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔اس دن کی مناسبت سے مقامی تقریب الخدمت فاؤنڈیشن راولپنڈی کے دفتر میں منعقد کی گئی جس میں الخدمت فاؤنڈیشن سماجی خدمات کے نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ، عبدالعزیز عابد، منیجر سماجی خدمات پروگرام فرحان خالد، دیگر الخدمت ذمہ داران ، معذور افراد اور ان کے لواحقین نے شرکت کی۔
اس دن کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ معذور افرادملک کا سرمایہ ہیں ۔مناسب سہولیات کی فراہمی سے انھیں معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جا سکتا ہے۔ان معذور افراد کی معاشرے میں اہمیت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے آگاہی کے لئے الخدمت کے تحت معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ سماجی خدمات پروگرام کے تحت معذوراور مستحق افراد میں وہیل چیئرز کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ رواں سال اب تک الخدمت ملک بھر کے3300معذور مستحق افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کرچکی ہے۔ وہیل چیئرز کی تقسیم کا مقصد ان معذور افراد میں معذوری کے احساس کو کم کرنا ہے۔