اسلام آباد : حامد اطہر ملک، صدر الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلاامتیاز دکھی انسانیت کی خدم ت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔الخدمت نے ہمیشہ ضرورت مندوں، مصیبت زدہ افراد اور مستحقین کے لئے خدمت خلق کے جذبے سے سرشار پوکر خلوص نیت سے خدمات سرانجام دی ہیں یہی وجہ ہے کہ ملک کے نامور فلاحی اداروں میں الخدمت کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین سے محروم بچے ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہم ان کے بہترین مستقبل کے لیے کوشاں ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آبادنے نارتھ امریکن مسلم فاؤنڈیشن کے تعاون سے424 آرفن بچوں میں راشن،اسٹیشنری، کپڑے اور شوز تقسیم کیے۔
سیکرٹری جنرل الطاف شیر نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار منظم تنظیم ملک و قوم کا سرمایہ ہے جس کا کام ملک کے مصیبت زدہ اور نادار افراد کی خدمت کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بے سہارا افراد اور یتیم بچوں کی کفالت کرنادنیا اور آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ جس کی نوید نبی آخرالزماں ﷺ نے اپنی امت کو سنائی ہے۔
الخدمت اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خدمت خلق کے کام کو سرانجام دے رہی ہے جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ڈاکٹر باقر خاکوانی نے کہا کہ الخدمت کا نصب العین ہے کہ ہر طرح کے تعصب اور تفریق سے بالاتر ہو کرصرف اور صرف اللہ کی خوشنودی اور رضا کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں۔