اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آبادکے صدر حامد اطہر ملک نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن انسانیت کی بلا تعصب رنگ و نسل خدمت جاری رکھے گی۔ حامد اطہر ملک نے سٹریٹ چلڈرن کی تعلیم و تربیت کی اہمیت و ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ چلڈرن ہمارا ضائع ہوتا ہوا سرمایہ ہیں اور الخدمت اس سرمائے کو ملک و قوم کی امانت سمجھ کر اسکی تعلیم و تربیت میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔
ان خیالات کا اظہارالخدمت کے پروگرام”تعلیم“کے زیر انتظام سٹریٹ چلڈرن کے لیے چائلڈ پروٹیکشن سنٹر میں تقریب کے دوران کیا۔پروقار تقریب میں سٹریٹ چلڈرن میں ایجوکیشنل کٹس اور ہائی جین کٹس تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر علاقے کی نمایاں سیاسی وسماجی شخصیات ملک عبدالعزیز، خواجہ شوکت صاحب، گلروز خان اور الخدمت اسلام آباد کی ٹیم نے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر سماجی شخصیت گلروز خان نے اعلان کیا کہ نمایاں کارکردگی کے حامل 6 بچوں کو بائی سائیکلوں کا تحفہ دیں گے۔