کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش آج کو ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ اس حوالے سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔
قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوگی۔ اس موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا چاق و چوبند دستہ مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے گا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اہم شخصیات بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دیں گے، فاتحہ پڑھیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔
قائد اعظم کو ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں اسی مناسبت سے سیمینارز، کانفرنسز اور تقاریب منعقد ہوں گی۔
ان تقریبات میں بانی پاکستان کو ان کی گراں قدر خدمات اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خود مختار وطن پاکستان کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔