کراچی: انجمن طلبہ اسلام لیاقت آباد کے زیر اہتمام بانی رکن اے ٹی آئی شہید حاجی محمد یعقوب قادری کی پہلی برسی منائی گئی۔ اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر قائد طلبہ ارحم سلیم قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید حاجی محمد یعقوب قادری کی شہادت کو ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ابتک قاتلوں کی گرفتاری عمل میں نہ آنا انتظامیہ کی نااہلی ہے ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ شہید یعقوب قادری کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہید یعقوب قادری سچے عاشق رسول تھے اپنی پور زندگی دین کی خدمت میں گزاری انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور اس موقع پر وزیر ستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے پوری قوم پاک فوج کے لئے دعا گو ہے اور کارکنان انجمن ہر مشکلات کا سامناکرنے کیلئے تیارہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کالعدم تنظیموں کے آزادانہ ورکنگ کو بھی روکنے کیلئے حکمت عملی مرتب ہونی چاہیے اور انکے خلا ف بھی بھرپور کریک ڈائون ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں اہم ثابت ہوگا ۔ اس اجتماع سے جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے ناظم اعلیٰ صوفی محمد حسین لاکھانی ، رفیق انجمن معین الدین نوری، جنرل سیکریٹری صوبہ سندھ تنویر حسین اسدی، ناظم کراچی افتخار علی ، ناظم لیاقت آباد حسان امینی نے بھی خطاب کیا۔
جبکہ شکیل احمد قریشی ، سعیدامینی ایڈووکیٹ ، سید شاہد علی قادری ، محمد سعیدسعیدی ، فراز الرحمن صدیقی ، جہانزیب صدیقی، شہباز صدیقی ،حافظ عمیر آغا،عمیر قریشی و دیگر کارکنان و ذمہ داران نے خصوصی شرکت کی۔