چار اہم شہروں کے ایئرپورٹس کی سیکیورٹی فوج اور رینجرز کے سپرد

Airports

Airports

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے چار اہم شہروں کے بڑے ایئرپورٹس کی سیکیورٹی فوج اور رینجرز کے حوالے کردی گئی ہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ہوا بازی شجاعت عظیم نے بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک نئے طیارے اے 320 کو پی آئی اے کے بیڑے میں شامل کرنے کی تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا۔

کہ ’’پاکستانی فوج کے کور کمانڈروں کے ساتھ مشاورت سے ایک مشترکہ سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا تھا، جس کے تحت اہم ایئرپورٹس کے علاقے اور تنصیبات کو فوج کے حوالے کردیا گیا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا وہ طیارہ جس پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا، اس کو مرمت کے بعد فلائٹ آپریشن پر واپس بھیج دیا گیا ہے۔ شجاعت عظیم نے کہا کہ وہ ایئرلائنز جنہوں نے پشاور کے لیے اپنی پروازیں معطل کردی ہیں، جلد ہی اپنی پروازیں دن کے بجائے رات کے وقت بحال کردیں گی۔

انہوں نے کہا کہ فوج کے ساتھ ساتھ رینجرز اہم ایئرپورٹس سے ملحقہ علاقوں کی حفاظت اور انہیں کلیئر کرنے کا کام کرے گی، اس لیے کہ یہ علاقے سیکیورٹی خطرات کا اہم ذریعہ بن چکے ہیں۔اس سے قبل پی آئی اے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شجاعت عظیم نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے بحالی کے پلان کے تحت اے ٹی آر جہاز سمیت کل 14 جہاز پی آئی اے کے بیڑے میں شامل کیے جائیں گے۔شجاعت عظیم نے کہا کہ تین بین الاقوامی ائیرلائنوں کے سربراہوں کو پاکستان نے سیکیورٹی کا بھرپور یقین دلایا ہے اور پاکستان کی ہوابازی کے شعبے کی سلامتی کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج نئے شامل کیے جانے والے جہاز میں 180 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، اے-320 جہاز کو قومی اور مشرق وسطیٰ کے روٹس پر چلایا جائے گا۔