لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جب تک چاروں صوبے ترقی نہیں کریں گے پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔وزیر اعلیٰ نے بلوچستان سے آئے ہوئے طلباء کو لیپ ٹاپ دئیے۔
وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے پنجاب کے دورے پر آئے ہوئے گورنمنٹ ڈگری کالج خضدار کے طلباء کے وفد نے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ نے38 طلبہ اور 2 اساتذہ کو لیپ ٹاپ دیئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ قوم کے معماروں پر جتنی بھی سرمایہ کاری کی جائے کم ہے۔ پنجاب حکومت نے کوئٹہ میں امراض دل کے اسپتال کے قیام کے لیے فنڈز مہیا کردیئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کو اسلام آباد اور مری کی سیر کرانے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ سے بحرین میں پاکستان کے نامزد سفیر جاوید ملک نے بھی ملاقات کی، جس میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے سہولتوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت توانائی منصوبوں سے متعلق اجلاس میں حویلی بہادر شاہ، جھنگ سمیت گیس کے 3600میگاواٹ کے منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔