لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی نہیں اور حکمرانوں کو اپنے کاروبار کی فکر ہے۔
یہاں تباہی مچی ہے اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف عمرہ کی ادائیگی کیلئے چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت جعلی میڈنیٹ پر قائم ہے۔ میچ فکسنگ کیلئے پوری ٹیم بنائی گئی تھی۔ ملک مشکل میں تھا اس لئے انتخابات کے روز شور نہیں مچایا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اب ملک میں نیوٹرل ایمپائر لانے کی جنگ ہے۔ انتخابی نظام ٹھیک کئے بغیر کرپشن ختم نہیں ہو سکتی۔ 14 ماہ سے انصاف کی تلاش میں ہیں لیکن اب 14 اگست کو اسلام آباد میں فیصلہ کن جنگ لڑنے جا رہے ہیں۔ ہم صرف جلسہ کرکے واپس نہیں آئیں گے۔ 14 اگست کو ٹونٹی ٹونٹی نہیں بلکہ ٹیسٹ میچ کھیلنے جا رہے ہیں۔ 14 اگست کو دھاندلی کے شواہد پیش کرینگے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمبلی ایسے لوگوں سے بھری پڑی ہے جو نظام بدلنا نہیں چاہتے۔ نظام اسمبلیوں میں نہیں بلکہ سڑکوں پر آنے سے بدلے گا۔
آزاد عدلیہ کی جنگ اسمبلیوں میں نہیں بلکہ سڑکوں پر لڑی گئی۔ جب تک انتخابی نظام ٹھیک نہیں ہوگا ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔