اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کے حوالے سے مشاورت کیلئے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔
سہ پہر تین بجے بنی گالا میں ہونے والے اجلاس میں شیریں مزاری، جاوید ہاشمی، اسد عمر اور شفقت محمود شرکت کریں گے۔ ارکان اسمبلی محمد علی، فیاض چوہان اور شہر یار آفریدی کو بھی اجلاس میں طلب کیا گیا ہے۔
عمران خان چودہ اگست کے لانگ مارچ کے حوالے سے پارٹی گائیڈ لائن پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کو اپنے موقف کا ڈٹ کر دفاع کرنے کی ہدایت بھی کی جائے گی۔