سڈنی (جیوڈیسک) چوتھے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 86 رنز سے شکست دے سیریز میں تین، ایک سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 354 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستان ٹیم 267 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا اور کپتان اظہر علی صرف 7رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور صرف 15 رنز تھا۔
اظہر کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کو آگے بڑھایا اور اسکور 88 رنز تک پہنچا دیا، بابر اعظم 31 رنز بنا کر شرجیل خان کا ساتھ چھوڑ گئے، وہ ہیڈکی گیند پر ہیزل ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
شرجیل خان 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔شرجیل خان 47 گیندوں پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد حفیظ 40 اور شعیب ملک 47 رنز بنا سکے، عمر اکمل نے صرف 11 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔محمد عامر 5، عماد وسیم 25 اور جنید خان بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے، اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 43ویں اوور کی پانچویں گیند پر 267 رنز پر آؤٹ ہو گئی، یوں آسٹریلیا نے میچ 86 رنز سے جیت لیا۔
آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم زمپا اورہیزل ووڈنے 3 ،3، ہیڈ نے 2 اور کومینز اور اسٹارک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ڈیوڈ وارنر کو شاندا 130 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے 353 رنز بنائے تھے، جس میں ڈیوڈ وارنر کے شاندار 130 رنز بھی شامل ہیں جبکہ میکسویل 78، ٹریوس ہیڈ 51 اور اسمتھ 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی طرف سے حسن علی نے 5 اور محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کا آخری میچ 26 جنوری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔