دبئی (جیوڈیسک) پاکسستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔ اب لڑکھڑانے والے پاکستانی بیٹسمینوں کیلیے یہ قدم جمانے اور خود کو بڑے اسکور کا اہل ثابت کرنے کا آخری موقع ہے۔
اس پر قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے اعتراف کیا کہ بیٹسمینوں کو ان کی ذمے داریاں بتادی گئی ہیں اور ہمیں علم ہے کہ اب غلطی کی گنجائش نہیں ہے اور جیت کا واحد فارمولا جارحانہ کرکٹ اور ذمے داری ہے۔
متحدہ عرب امارات میں 6سال میں دس میں 8ون ڈے انٹر نیشنل سیریز ہارنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کو گیارہویں سیریز میں شکست سے بچنے کے لئے جمعے کو انگلینڈ کو فیصلہ کن ون ڈے میں ہر صورت میں شکست دینا ہوگی۔
چار میچوں کی سیریزمیں مہمان ٹیم کو دو ایک کی برتری حاصل ہے۔ دبئی اسٹیڈیم میں بھی پاکستان کا ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں ہے یہاں پر قومی ٹیم نے 14 میچوں میں حصہ لیا ہے جس میں سے 6جیتے اور 8میں اسے شکست ہوئی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا۔