ابوظہبی (جیوڈیسک) چوتھے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں جنوبی افریقا کو دو، ایک سے برتری حاصل ہے۔
شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے 2 تبدیلیاں کی ہیں، وہاب ریاض کی جگہ جنید خان اور عمر امین کی جگہ صہیب مقصود ٹیم میں شامل کی گیا ہے جبکہ جنوبی افریقا وہی ٹیم برقرار رکھی ہے جس نے تیسرے ون ڈے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جیت کیلئے ٹاپ آرڈر کو پرفارم کرنا ہو گا۔ جنوبی افریقا کے کپتان ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کلاس ہے، باونس بیک کرسکتی ہے، آج کا میچ جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
گرین شرٹس کو سیریز میں واپسی کے لیے لازمی فتح حاصل کرنا ہو گی اور اسے کھیل کے ہر شعبے میں پرفارم کرنا ہو گا۔ جنوبی افریقا کے خلاف پہلی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جیتنے کا مصباح الحق کا خواب اسی صورت میں شرمندہ تعبیر ہو گا جب پاکستانی ٹیم آج جنوبی افریقا کو شکست دے اور پھر شارجہ کا معرکہ سر کرے۔