اولڈ ٹریفورڈ (جیوڈیسک) انگلینڈ اور بھارت کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹیسٹ کل جمعرات کو اولڈ ٹریفورڈ میں شروع ہو رہا ہے، جس میں سپن باولر ایشوین کو شامل کئے جانے کا امکان ہے، اگر ایسا ہوا تو اس سال وہ پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔
بھارت کے افتتاحی بلے باز شیکھر دھون جو بھارت میں رنز کے پہاڑ لگا دیتے ہیں، انگلینڈ میں اپنے تین ٹیسٹ میچوں کی چھ اننگز میں ناکام رہے ہیں، اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ چوتھے ٹیسٹ میں وہ باہر ہوں گے، اور ان کی جگہ گوتم گھمبیر کو کھلایا جا سکتا ہے، جو 2012 کے بعد کوئی ٹیسٹ نہیں کھیل سکا۔ دھون کے علاوہ روہت شرما کی ییٹنگ بھی اچھی نہیں رہی اورممکن ہے کہ ان کی بھی اس میچ میں جگہ نہ بن پائے۔
پچھلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے سپنر معین نے دوسری اننگز میں بھارت کے چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے بھی بھارتی کپتان کے لئے پریشانی پیدا کر رکھی ہے، اور ایم ایس دھونی قطعی طور پر نہیں چاہتے کہ وہ آئندہ میچوں میں بھی اس طرح کی کارکردگی دکھائیں۔
بھارتی بیٹسمین آف سپین باولنگ کو کھیلنے میں دقت محسوس نہیں کرتے، اس لئے معین کی فارم اگر ایسی رہی تو ان کے لئے یہ بھی ایک دھچکا ثابت ہو گا۔