پیرس (اے کے راؤ) فرانس کے جنوب مغربی شہر ” بوردو ” کے مشرقی علاقے پویسگاں میں ٹرک اور بس کے تصادم میں 42 افراد ہلاک 9 زخمی ہو گئے۔ بس میں عمر رسیدہ افراد سوار تھے جو چھٹیاں منانے جا رہے تھے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ علاقے کے ایک نہایت خطرناک موڑ پر پیش آیا جب عمارتی لکڑی سے لدا ہوا ٹرک مخالف سمت سے آتی ہوئی مسافر بس سے ٹکرا گیا۔بس اور ٹرک کے تصادم کے فوراً بعد دونوں کو آگ لگ گئی تھی۔
فرانسیسی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بس میں سوار 41 مسافر اور ٹرک کا ڈرائیور شامل ہیں جبکہ حادثے میں نو افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چار کی حالت نازک ہے۔
1982 میں فرانس کے علاقے بونا میں ہونے والے حادثے کے بعد یہ فرانس کی تاریخ کا بدترین ٹریفک حادثہ ہے۔اُس حادثے میں 52 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔