برسلز (جیوڈیسک) فرانس میں دہشت گردی کے خوفناک حملے کے بعد بیلجیم میں بھی دہشت گردی کی اطلاعات کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی جب کہ وزیراعظم نے سیکیورٹی مزید بڑھانے کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیم میں دہشت گردی کی انٹیلجنس اطلاعات کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی جس کے تحت دارالحکومت برسلز میں میٹرو سسٹم کو بند کردیا گیا ہے جب کہ ہر قسم کی پبلک تقریبات کو ملتوی کر کے شہریوں کو رش والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ پیرس حملوں اور آپریشن کے دوران داعش کا ایک مسلح دہشت گرد فرار ہوگیا تھا جس کی تلاش جاری ہے جب کہ اس کے برسلز میں داخل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جس کے بعد شہر کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
بیلجیم کے وزیر اعظم چارلس مائیکل کا نیوز بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ سیکیورٹی ہائی الرٹ کچھ مسلح دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کے خدشے کے پیش نظر کی گئی ہے اگرچہ اس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن یہ اقدامات ان کی حفاظت کے لیے کیے جارہے ہیں۔
بیلجیم کرائسس سینٹر نے شہر کی حدود سے باہر واقع برسلز ایئر پورٹ اور تارکین وطن کے عارضی رہائش گاہ ول ووردے میں بھی سیکورٹی کو ٹاپ ٹیریر لیول تک بڑھا دی ہے جب کہ فرانس کے مشہور سنگر جونی ہالی ڈے کا کنسرٹ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے سیکورٹی اداروں نے حکومت کو آگاہ کیا تھا کہ بیلجیم سے تعلق رکھنے والے داعش کے ساتھی پیرس طرز کےحملوں کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور وہ کسی بھی وقت اس کو عمل میں لا سکتے ہیں۔