برلن (جیوڈیسک) فرانس کے بعد جرمنی میں بھی گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے اخبار کے دفتر کو نذر آتش کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے شمالی شہر ہیمبرگ میں فرنچ میگزین چارلی ہیبڈو کی جانب سے نبی کریم ﷺ کے تیار کردہ گستاخانہ خاکے دوبارہ شائع کرنے والے جرمن اخبار ہیمبرجر مورگن پوسٹ کے دفتر پر نامعلوم افراد نے آتش گیر مادے سے حملہ کیا جس سے دفتر میں میں آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر آگ کو بجھایا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اخبار کے دفتر پر نامعلوم افراد کی جانب سے پتھر مارے گئے اور پھر آتش گیر مادہ پھینکا گیا جس سے اخبار کے دفتر کے 2 کمروں کو نقصان پہنچا۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 4 روز قبل فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ہفت روزہ میگزین چارلی ہیبڈو کے دفتر پر حملے کے نتیجے میں ایک صحافی اور ایک کارٹونسٹ سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔