پیرس (جیوڈیسک) فرانسیسی پولیس اور سپیشل کمانڈو فورس نے شہر کے دو مختلف مقامات پر لوگوں کو یرغمال بنانے والے حملہ آوروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
فرانسیسی میگزین چالی ایبڈو پر حملے میں ملوث دو حملہ آور شمال مشرقی علاقے ڈاما رٹن آں گوئل کے ایک پرنٹنگ پریس میں جا گھسے شریف کواچی اور سید کواچی دونوں حملہ آور بھائی تھے جنہوں نے عمارت میں موجود ایک شخص کو یرغمال بنا لیا۔
پولیس نے کئی گھنٹے محاصرے کے بعد آپریشن شروع کیا تو دونوں حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے عمارت سے باہر نکل آئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں مارے گئے جبکہ یرغمال بنائے گئے شہری کو بحفاظت عمارت سے نکال لیا گیا۔
کارروائی کے بعد علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پیرس کے مشرقی علاقے کے ایک سٹور میں پانچ افراد کو یرغمال بنانے والا شخص بھی پولیس کارروائی میں مارا گیا۔ مسلح شخص نے یرغمال بنائے گئے تین شہریوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اس کے فوری بعد پولیس نے آپریشن شروع کر دیا۔
علاقہ فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھا کوشر مارکیٹ کا حملہ آور وہی شخص ہے جس نے گزشتہ روز ایک خاتون پولیس اہلکار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ فرانسیسی میگزین چارلی ایبڈو پر حملے کے بعد کئی علاقوں میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے جس میں ہزاروں سیکورٹی اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
حملے میں میگزین کے چیف ایڈیٹر، ملعون کارٹونسٹ سمیت 12افراد مارے گئے تھے۔ تائیوان ،بنکاک، ہانگ کانگ اور دیگر ممالک میں مرنے والوں کی یاد میں تعزیتی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔