پیرس (جیوڈیسک) فرانس کے صدارتی امیدوار امانیئول میکخواں کی انتخابی مہم کے کارکنوں نے کہا ہے کہ ان کے کمپیوٹرز پر “بڑا” سائبر حملہ ہوا ہے پولنگ سے محض ڈیڑھ دن قبل مہم کی ای میلز کو آن لائن افشا کر دیا گیا۔
تقریباً نو گیگا بائٹس کا ڈیٹا ‘ای ایم لیکس ٹو پیسٹبن’ نامی انٹرنیٹ صارف نے آن لائن جاری کیا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس میں کون ملوث ہے۔
ایک بیان میں میکخواں کی سیاسی مہم نے ڈیٹا ہیک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ “مہم ایک بڑے اور منظم سائبر حملے کا نشانہ بنی جس میں بہت سے خفیہ معلومات کو بھی سوشل میڈیا پر جاری کر دیا گیا۔”
وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے اس پر یہ کہہ کر تبصرہ کرنے سے گریز کیا کہ قواعد کے مطابق وہ انتخابی مہم ختم کے بعد اس پر کوئی بیان نہیں دے سکتے۔
جمعہ کو قواعد کے مطابق انتخابی مہم ختم ہوئی تھی اور اس سے محض چند گھنٹے قبل ہی یہ مشتبہ سائبر حملہ کیا گیا۔
سات مئی کو میکخواں کا مقابلہ انتہائی دائیں بازو کی امیدوار ماری لو پین سے ہو رہا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں میں میکخواں کو برتری ظاہر کی جا رہی ہے۔