پیرس (اصل میڈیا ڈیسک) فرانسیسی وزیراعظم ایڈورڈ فلپ اور ان کی کابینہ کے اراکین نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا جسے صدر ایمانوئیل میکرون نے فوری طور پر منظور کرلیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدارتی محل ایلسی پیلس کی جانب سے جاری مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی وزیراعظم نے کابینہ سمیت استعفی صدر ایمانوئیل میکرون کو پیش کیا ہے جسے صدر نے فوری طور پر منظور کرلیا ہے۔ بیان میں استعفے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
صدر ایمانوئیل میکرون نے نئے وزیراعظم کے لیے 55 سالہ سول سرونٹ جین کاسٹک کا نام تجویز کیا ہے تاہم نئی حکومت کی تشکیل تک مستعفی وزیراعظم ایڈورڈ فلپ کو حکومتی امور انجام دیتے رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ کابینہ میں بھی رد و بدل کا امکان موجود ہے۔
واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات میں شکست سے صدر ایمانوئیل میکرون شدید نالاں تھے اور شکست کی وجہ کابینہ کی ناقص کارکردگی کو قرار دیتے تھے۔ موجودہ حکومت کے معیاد میں 21 ماہ رہ گئے ہیں اور صدر ایمانوئیل میکرون اپنی پوزیشن مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔