پیرس (جیوڈیسک) فرانس میں تھیٹر میں پیش کئے جانے والے ڈرامے کےدوارن حاضرین کو اس وقت عجیب و غریب صورت حال کا سامنا کرنا پڑ اجب ڈرامے کو روک کر ہال میں موجود برقعہ پوش خاتون کو باہر نکال دیا گیا۔
حکام کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مشہورتھیٹر ہال میں ڈرامہ جاری تھا کہ اچانک پرفارمنس کرنے والے فنکاروں نے پرفارم کرنے سے انکار کر دیا اور موقف اختیار کیا کہ جب تک ہال میں سب سے پہلی قطار میں بیٹھی برقعہ پوش خاتون کو نکال نہیں دیا جاتا وہ پرفارم نہیں کریں گے۔
تھیٹرانتظامیہ کے مطابق خاتون خلیجی ریاست سے سیروتفریح کی غرض سے فرانس آئیں اوروہ اس قانون سے لاعلم تھی جس میں پبلک مقامات پر برقعہ پہننے کی ممانعت ہے تاہم خاتون کو بتایا گیا کہ فرانس میں اس طرح کا پردہ کرنے پر پابندی ہے لہذا یا تو آپ نقاب اتاردیں یا پھر ہال سے باہر چلی جائیں۔
دوسری جانب فرانسیسی حکومت کا کہنا تھا کہ نقاب پر پابندی کے قانون کے پبلک مقامات پر اطلاق سے متعلق عملدرآمد پر نظر ثانی کرکے رہنمائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ فرانس میں پبلک مقامات پر نقاب پہننے پر پابندی عائد ہے۔
اور خلاف ورزی پر 120 پاؤنڈ جرمانے کے ساتھ سٹیزن شپ کی کلاسز بھی لینا پڑتی ہیں جب کہ نقاب اوڑھنے پر مجبور کرنے والے پر 23 ہزار پاؤنڈ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔