پیرس (جیوڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈی گالے ائیر پورٹ کے 2F ٹرمینل کو دہشتگردی کے الارم کی وجہ سے مختصر مدت کے لئے مسافروں سے خالی کر دیا گیا۔
سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے تقریباً 2 ہزار مسافروں کو ائیر پورٹ سے باہر نکال دیا گیا اور 20 کے قریب طیاروں کی پروازوں کو تاخیر سے ٹیک آف کرنے کی اجازت دی گئی۔
ائیر پورٹ کے حکام کی طرف سے موضوع سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک شخص کے ضروری سکیورٹی کنٹرول سے گزرے بغیر ائیر پورٹ کے عملے کے لئے مخصوص علاقے میں جانے کی وجہ سے حفاظتی تدبیر کے طور پر دہشتگردی کا الارم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پیرس میں 13 نومبر 2015 کو کئے گئے اور 130 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے دہشت گردی کے حملے کے بعد ملک میں ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا گیا تھا۔
خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ گذشتہ سال ہنگامی حالات کو کالعدم کر دیا جائے گا لیکن 14 جولائی کو نائس میں ہونے والے اور 86 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے دہشت گردی کے حملے کے بعد ہنگامی حالات کی مدت میں مزید توسیع کر دی گئی۔
پارلیمنٹ رواں ماہ کے دوران ہنگامی حالات کی مدت میں چھٹی دفعہ توسیع کرے گی۔