فرانس: دہشتگردوں کی معاونت کرنیوالے افراد کی تلاش کیلئے آپریشن تیز

France

France

پیرس (جیوڈیسک) فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں گزشتہ چار روز سے جاری دہشتگردی کے واقعات نے پوری قوم پر سکتہ طاری کر دیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے گزشتہ روز طویل محاصرے کے بعد میگزین پر حملہ کرنے والے تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

تاہم اب بھی ملک میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔ فرانسیسی پولیس ان افراد کی تلاش میں سرچ آپریشن میں مصروف ہے جو دہشتگردوں کی معاونت کرتے رہے۔ پولیس کے مطابق یمن میں موجود القاعدہ شدت پسندوں سے تعلق رکھنے والے تینوں حملہ آوروں کو ایک خاتون کی معاونت حاصل تھی۔ پولیس نے پیرس کے کچھ علاقوں میں دہشتگردوں کی مبینہ ساتھی خاتون کی تلاش کیلئے آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔ فرانسیسی صدر نے قوم کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے صدر فرانسس اولاندے کا کہنا ہے ابھی شدت پسندی کا خطرہ ختم نہیں ہوا شہری احتیاط برتیں ۔ گزشتہ روز آپریشن میں تین دہشتگرد ہلاک جبکہ چار شہری بھی مارے گئے تھے۔ جرمن چانسلر سمیت دنیا کے کئی رہنماؤں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فرانسیسی عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

واقعے کے خلاف فرانس کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جائیں گی جس میں دو لاکھ سے زاؕئد افراد شریک ہوں گے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، ترک وزیراعظم احمد داؤد اوغلو سمیت کئی عالمی رہنما بھی اس ریلی میں شرکت کریں گے۔