پیرس (جیوڈیسک) فرانس میں پر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری ہے اور آج بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جب کہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مشرقی علاقے میں پولیس میگزین کے دفتر پر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے آپریشن کر رہی تھی کہ حملہ آوروں نے ایک گاڑی سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا جب کہ حملہ آوروں نے ایک شخص کو یرغمال بھی بنا لیا۔
پولیس کی جانب سے مبینہ حملہ آوروں کی گاڑی کا پیچھا کیا جا رہا ہے جب کہ سرچ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹرز سے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی فرانس میں شرپسندوں نے 2 مساجد پر دستی بموں سے حملہ کیا جب کہ فائرنگ سے ایک خاتون پولیس اہلکار ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا۔
اس سے ایک روز قبل پیرس میں ہفت روزہ اخبار کے دفتر پر فائرنگ سے ایک صحافی اور گستاخانہ خاکے بنانے والے کارٹونسٹ سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔