فرانس: ییلو جیکٹ مظاہرے 35 ویں ہفتے میں داخل ہو گئے

France Yellow Jacket Protest

France Yellow Jacket Protest

پیرس (جیوڈیسک) فرانس میں ییلو جیکٹ مظاہروں کے 35 ویں ہفتے میں مظاہرین صدر امانوئیل ماکرون کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کے لئے دوبارہ سے سڑکوں پر نکل آئے۔

دارالحکومت پیرس کے محلّے کلیشی میں جمع ہونے والے ہزاروں مظاہرین نے شہر کی گلیوں میں مارچ کی۔

مظاہرین نے پولیس پر شیشے کی بوتلیں اور اس طرح کی متعدد چیزیں پھینکیں اور پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔

“ماکرون استعفی دو” کے نعرے لگاتے مظاہرین نے 12۔ پیرس میں واقع لیون ریلوے اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ مظاہروں میں شرکت کی تعداد کم ہونے کے باوجود مظاہرے جاری رہیں گے۔

مون پلیئے، لیل، بورڈو اور تولوز جیسے شہروں میں بھی مظاہرے کئے گئے۔

وزارت داخلہ کی طرف سے مظاہروں میں شریک افراد کی تعداد کے بارے میں معلومات فراہم نہ کیا جانا مرکز توجہ بنا۔

پولیس نے گذشتہ ہفتوں کی طرح اس بار بھی شانزے لیزے شاہراہ، قومی اسمبلی اور 15 اپریل کو آتشزدگی کی نذر ہونے والے نوٹر ڈیم کلیسے کے اطراف میں مظاہروں کی اجازت نہیں دی۔

واضح رہے کہ ییلو جیکٹ مظاہرے 17 نومبر 2018 سے جاری ہیں۔

یہ مظاہرے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور خراب اقتصادی شرائط کے خلاف شروع ہوئے لیکن بعد ازاں ماکرون انتظامیہ کے خلاف مظاہروں میں تبدیل ہو گئے۔