لاہور (جیوڈیسک) الیکشن ٹربیونل نے این اے 122 میں دھاندلی کے خلاف کیس کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے فریقن کے وکلا کو آئندہ سماعت پر بحث کرنے کا حکم دیدیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی دوسری مرتبہ وکٹ گرانے کے لیے تحریک انصاف کی جدوجہد جاری ہے۔
علیم خان کے وکیل نے الیکشن ٹربیونل کے جج کو بتایا کہ 30 ہزار ووٹوں کو منتقل کرکے این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی۔
سردار ایاز صادق دھاندلی سے این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں کامیاب ہوئے لہذا نتائج کالعدم قرار دئیے جائیں۔ سردار ایاز صادق کے وکلا نے علیم خان کے وکلا کے تمام الزامات کو مسترد کر دیا۔
سردار ایاز صادق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ محض الزامات لگا کر نتائج کو کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا۔
این اے 122 کے ضمنی الیکشن دھاندلی نہیں ہوئی اور نہ ہی ووٹوں کو منتقل کیا گیا۔ عدالت نے سردار ایاز صادق اور علیم خان کے وکلا کو 22 جنوری کو بحث کرنے کا حکم دیدیا۔