اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دھاندلی کے خلاف 11 مئی کو ڈی چوک پر دھرنا نہیں بلکہ جسلہ ہو گا۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 4 حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات سے جمہوریت ڈی ریل نہیں بلکہ مضبوط ہوگی، 11 مئی کو تحریک انصاف اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنا نہیں بلکہ جلسہ کرے گی اور بھرپور طریقے سے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف جس نظام نے ہمیں انصاف دینا ہے وہ نظام درست نہیں، ایک سال گزر گیا لیکن ابھی تک ہماری شکایات پر کارروائی شروع نہیں ہوئی۔
عمران خان نے کہاکہ میں نے کسی پر الزام نہیں لگایا بلکہ الیکشن کمیشن اور عدالتوں کی جانب سے دھاندلی کی تحقیقات کے لئے بنائے جانے والے نظام کا طریقہ کار غلط ہے، اس طریقہ کار میں ہارنے اور جیتنے والا دونوں دھاندلی کا شور مچارہے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے الزام لگایا کہ کراچی میں دھاندلی ہوئی ہے تو اب یہ فیصلہ کون کرے گا کہ دھاندلی ہوئی یا نہیں۔