ہارون آباد (تحصیل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں موروثی سیاست، فرسودہ نظام کا خاتمہ کر کے ہی دم لے گی انتخابی، دھاندلی اور ملکی خزانہ لوٹنے کا یوم حساب قریب ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری پبلسٹی اینڈمیڈیارائو شعیب احمد نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اورزرداری ایک دوسرے کاہاتھ تھام کر موروثی سیاست بچانے کی کوشش کر رہے ہیں پیپلزپارٹی کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کے لیے بلاول کارڈ استعمال کیا جارہا ہے حکمرانوں کا اب اقتدار میں رہنا ملک وقوم کے لیے تباہ کن ہے کیونکہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں لیگی حکومت نے عوام سے خوشیاں چھیننے کے علاوہ کوئی کارکردگی نہیں دکھائی بجلی کے بل عوام کے لیے ڈریکولا بنا دیئے گئے ہیں۔
کسانوں کے لیے مشکلات حد سے بڑھ گئی ہیں مہنگائی نے عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حقیقی معنوں میں نظام کی تبدیلی کے لیے جد جہد کر رہی ہے۔