مظفر آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر میں مسلم لیگ نواز نے بیرسٹر سلطان کی تحریک عدم اعتماد کا ساتھ نہ دینے کا اعلان کر دیا ہے جس سے پیپلز پارٹی کے وزیراعظم چودھری عبدالمجید کی حکومت بچ گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے مسلم لیگ نواز آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان کو ٹیلی فون کیا اور انہیں وزیراعظم میاں نواز شریف کا پیغام پہنچایا۔
راجا فاروق حیدر کے مطابق میاں نواز شریف نے انہیں بیرسٹر سلطان کی جانب سے پیش کردہ تحریک عدم اعتماد سے علیحدہ رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا۔ راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر دو ہزار گیارہ میں ہونے والے انتخابات کو عوامی حقوق پر ڈاکا سمجھتی ہے۔
تاہم وہ آزاد کشمیر حکومت کی کرپشن اور بدعنوانیوں، کے خلاف شفاف اور منصفانہ انتخابات تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پیپلز پارٹی کے وزیراعظم چودھری عبدالمجید کے خلاف پیپلز پارٹی فارورڈ بلاک کے سربراہ بیرسٹر سلطان نے بائیس جولائی کو تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔
48 کے ایوان میں پیپلز پارٹی کے 30 ارکان ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے 11، مسلم کانفرنس کے 5 اور ایم کیو ایم کے ارکان کی تعداد 2 ہے۔ بیرسٹر سلطان نے 32 ارکان کی حمایت کا دعوی کیا تھا تاہم نواز لیگ کے علیحدہ ہونے سے تحریک عدم اعتماد کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔